بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کے حوالے سے مشروط طور پر ٹی 20 انٹرنیشنل میں واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ویرات کوہلی نے کہا کہ اگر بھارت 2028 کے اولمپکس کے فائنل میں پہنچا اور وہ گولڈ میڈل کے لیے کھیل رہے ہوں، تو وہ ممکنہ طور پر ایک میچ کے لیے اپنے ریٹائرمنٹ کو واپس لے لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر کرکٹ سے رٹائرمنٹ کے بعد گھر واپس جائیں۔یہ بات اہم ہے کہ ویرات کوہلی نے جون 2024 میں بھارت کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کامیابی کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ، 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کو 128 سال بعد دوبارہ شامل کیا جا رہا ہے۔
36 سالہ ویرات کوہلی نے اپنی کرکٹ کیریئر میں کئی یادگار لمحے تخلیق کیے ہیں، خاص طور پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شاندار کارکردگی۔ انہوں نے پانچ میچوں میں 54.50 کی اوسط سے 218 رنز اسکور کیے، جن میں پاکستان کے خلاف ایک سنچری بھی شامل تھی۔ اس کے علاوہ، آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں ان کی 84 رنز کی اننگز نے بھارت کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔