گٹر میں گر کر خاتون اور نوجوان ہلاک

 چونیاں روڈ پر حادثہ ، اہل خانہ نے بائی پاس پر احتجاج کیا ،وزیراعلیٰ سے نوٹس کامطالبہ
 پتوکی (خصوصی رپورٹ)پتوکی کے علاقے چونیاں روڈ پرامام بارگاہ کے سامنے مین ہول میں گر کرایک خاتون اور نوجوان جاں بحق ہوگئے، اہلخانہ ملانوالہ بائی پاس پر سراپا احتجاج بن گئے۔عینی شاہدین کے مطابق چونیاں روڈ پر امام بارگاہ کے سامنے خاتون کھلے گٹرمیں جاگری جسے بچانے کیلئے دو راہگیر نوجوان بھی گٹر میں کود پڑے، خاتون اور دونوں نوجوان گٹر میں پھنس گئے جن کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپکے تحت 15 منٹ کی کوشش کے بعد باہر نکالا۔اطلاع کے باوجود بلدیہ پتوکی کا عملہ اور ریسکیو ٹیم بروقت موقع پر نہ پہنچے۔ خاتون اور نوجوان کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کر دیا گیا جہاں خاتون اور نوجوا ن کاشف زندگی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق دوسرے نوجوان کو نازک حالت میں لاہور ریفر کردیا گیا۔ جاں بحق ہونیوالوں کے اہلخانہ نے انتظامیہ کی نااہلی کیخلاف پتوکی ملانوالہ بائی پاس کو بلاک کر کے احتجاج شروع کردیاجس میں عام لوگ بھی شامل ہوگئے جن کا کہنا تھا کہ پتوکی میں شاہراہوں پر کھلے درجنوں گٹر شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے ہیں۔ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی سے متعدد حادثات ہو چکے ہیں مگر انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر لاہور پتوکی میں سیوریج و گٹروں کے کھلے گٹروں کا فوری نوٹس لیکر ہنگامی بنیادوں پر یہ مسئلہ حل کرائیں۔