خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے پر بھارتی وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج

خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے پر بھارتی وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج

بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

لکھنو میں سماجی وادی پارٹی کی رہنما سمیہ رانا نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کروایا۔ واقعے کی بنیاد پر مقدمہ درج ہونے کے بعد بین الاقوامی سطح پر بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے اس واقعے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسی عوامی عہدے دار کی جانب سے کسی خاتون کا حجاب یا نقاب زبردستی ہٹانا عورت کی عزت، شناخت اور ذاتی آزادی پر سنگین حملہ ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق ایسے اقدامات نہ صرف خواتین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کے ماحول کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ڈاکٹروں کو اپائنٹمنٹ لیٹرز دینے کی تقریب کے دوران پیش آیا، جہاں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب زبردستی ہٹایا۔ اس اقدام نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر شدید احتجاج اور تنقید کو جنم دیا ہے۔واقعے کے بعد خواتین کے حقوق کے حامیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات کرنے والے اعلیٰ عہدے داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ معاشرے میں خواتین کی عزت اور ذاتی آزادی کی ضمانت دی جا سکے۔