سرگودھا کے 21 نوجوان سعودی عرب میں لا پتہ

قانونی طور پر سعودی عرب گئے،ٹیکسی ڈرائیورز کے طور پر کام کر رہے تھے
28جنوری سے اہلخانہ سے رابطہ منقطع،ایک ہی قبیلے کے13نوجوان بھی شامل
فیلڈ مارشل ،وزیر اعظم،وزیر خارجہ بازیابی میں کردار ادا کریں،اہلخانہ کی اپیل
ساہیوال/سرگودھا (نمائندہ خصوصی) تحصیل ساہیوال سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 21 پاکستانی نوجوانوں کے سعودی عرب میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کے معاملے پر لواحقین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے ،گزشتہ روز اس حوالے سے ایک احتجاجی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے فوری سفارتی اقدامات کئے جائیں، لواحقین کے مطابق تمام نوجوان روزگار کے سلسلے میں ویزوں پر سعودی عرب گئے تھے اور وہاں ٹیکسی ڈرائیورز کے طور پر کام کر رہے تھے ،ان کا 28 جنوری سے اہلخانہ سے رابطہ منقطع ہے، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ لاپتہ نوجوانوں سے طویل عرصے سے رابطہ نہ ہونے کے باعث شدید تشویش میں مبتلا ہیں، لاپتہ افراد میں ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھنے والے 13 افراد بھی شامل ہیں۔لواحقین نے بتایا کہ لاپتہ نوجوانوں میں مجتبیٰ بلوچ، رضی خان، محمد خاور اقبال اور دیگر شامل ہیں، انہوں نے فیلڈ مارشل ، وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ سے معاملے کا نوٹس لینے اور سعودی حکام سے رابطہ کرکے نوجوانوں کی بازیابی میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ اگر لاپتہ افراد سے کوئی جرم سرزد ہوا ہے تو انہیں اس بارے میں ثبوت فراہم کیا جائے، تاہم اگر وہ کسی جرم میں ملوث نہیں تو ان کی فوری بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں