پنجاب کی وزیرِ اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ پر عائد جرمانے سے صوبائی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اور یہ معاملہ مکمل طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ضابطۂ اخلاق اور اس کے تحت کارروائی صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے اختیار میں ہے۔ذاتی رائے دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نسیم شاہ ایک پروفیشنل کھلاڑی ہیں اور انہیں پیشہ ورانہ رویہ اپنانا چاہیے، نہ کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ جیسا طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ حال ہی میں نسیم شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کی گئی تھی، تاہم بعد میں وہ پوسٹ حذف کر دی گئی۔بعد ازاں پی سی بی نے کھلاڑی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مبینہ طور پر تقریباً 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا، جس پر انہوں نے عوامی معافی بھی مانگی اور کہا کہ پوسٹ ان کی ذاتی رائے نہیں تھی۔