چین نے ایران کو طبی سامان پر مشتمل 58 ٹن ہنگامی امداد فراہم کر دی ہے، جو تہران میں باضابطہ طور پر ایرانی حکام کے حوالے کی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امداد کی حوالگی کی تقریب تہران میں چینی سفارت خانے اور ایرانی ہلالِ احمر سوسائٹی کے درمیان ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے دستاویزات پر دستخط کیے۔تقریب کے دوران ایران میں تعینات چینی سفیر نے کہا کہ چین ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ کشیدگی کے باعث ایران کو ادویات اور طبی سامان کی شدید ضرورت ہے، جس کے پیش نظر یہ امداد فراہم کی گئی ہے۔دوسری جانب ایرانی ہلالِ احمر کے سربراہ نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد مشکل وقت میں دونوں ممالک کے درمیان ہمدردی اور تعاون کی عکاس ہے۔