عدالت ملزم کا انتظار نہیں کرسکتی:علی امین کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ طلب

پشاور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی ہے،حکم نامہ موصول ہوتے ہی جمع کروادیاجائیگا،وکیل علی امین گنڈاپور

 اسلام آباد (آئی این پی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں پولیس سے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالت ملزم کا انتظار تو نہیں کرسکتی۔جمعہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت سینئر سول جج مبشر حسن چشتی نے کی۔علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہیں ہوئے، علی امین گنڈاپور کے وکیل راجا ظہورالحسن عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے پراسیکیوشن سے استفسار کیا کہ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، ان کی تعمیل کا کیا بنا؟عدالت نے پولیس سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ طلب کرلی، علی امین گنڈاپور کے وکیل نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت میں توسیع کردی ہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ آپ پشاور ہائی کورٹ کا حکم نامہ لے آئیں تو وہ وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیں گے۔ملزم کے وکیل نے کہا کہ تھوڑا انتظار کرلیں، ہائی کورٹ میں اور بھی کیسز ہوتے ہیں، جس پر جج نے کہا کہ عدالت ملزم کا انتظار تو نہیں کرسکتی۔علی امین گنڈاپور کے وکیل نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کا حکم نامہ موصول ہوتے ہی عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا۔عدالت نے پولیس سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔