وزیراعظم کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، آپریشن بنیان مرصوص کے زخمیوں کی عیادت

وزیراعظم کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ، آپریشن بنیان مرصوص کے زخمیوں کی عیادت

اسلام آباد:یوم تشکر کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے چیف آف آرمی اسٹاف (آرمی چیف) کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے "معرکہ حق" اور "آپریشن بنیان مرصوص" میں زخمی ہونے والے جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔

وزیراعظم نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے حوصلے، بہادری، اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی جوانوں نے وطن کے دفاع میں جو قربانیاں دیں، وہ قوم کا فخر ہیں اور ان کا جذبہ ہر پاکستانی کے لیے مشعلِ راہ ہے۔وزیراعظم نے کہا:"جس طرح افواج پاکستان اور پوری قوم نے یہ جنگ لڑی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ عوام کا اتحاد اور ثابت قدمی پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک نیا اور فیصلہ کن باب بن چکی ہے۔"انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی ایم ایچ کے میڈیکل اسٹاف کی خدمات کو بھی سراہا۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے حالیہ جارحیت کے دوران پاکستان کے 13 فوجی جوان اور 40 شہری شہید جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے بھرپور دفاعی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی متعدد عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جسے "آپریشن بنیان المرصوص" کا نام دیا گیا۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، مگر اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔