14پولیس افسر کھلی کچہری طلب

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے تھانہ کی سطح پر عوامی مسائل بروقت حل نہ کرنے پر14 افسران کھلی کچہری میں طلب کر لیئے۔انہوں نے شکایات کے حل میں تاخیر کرنے والے افسران سے سخت بازپرس کی۔ شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر ایس ایچ او سمیت تھانہ نوانکوٹ کے تھانیداروں کو دفتر طلب کیا گیا۔ مقررہ وقت میں کارروائی نہ کرنے پر تھانہ سبزہ زار کے انویسٹی گیشن آفیسر کوبھی دفتر طلب کیا گیا۔ تھانہ پر ناقص نگرانی رکھنے پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت کی بھی سرزنش کی گئی۔ فیصل کامران نے تھانہ کی سطح پربرقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور میرٹ پر مسئلہ حل نہ کرنے والوں کو قانون کے مطابق احتساب کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا۔ کھلی کچہری میں وراثتی جائیداد،فراڈ، لڑائی جھگڑے سمیت دیگر شکایات بھی موصول ہوئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کی موجودگی میں براہِ راست اور ویڈیو لنک سے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کی درخواست پر کارروائی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو پریشان کرنے والے اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری پولیس سے متعلق شکایت کی صورت میں براہ راست میرے پاس آئیں۔