مینار پاکستان پر پیپلز پارٹی کاورکرز کنونشن ہر صورت ہو گا:فیصل میر

 مریم نواز جمہوری روایات کو آگے بڑھاتے میثاقِ جمہوریت کے تحت کام کرنے دیں:صدر پی پی 
لاہور (خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی لاہور نے واضح کیا ہے مینار پاکستان پر ورکرز کنونشن ہر صورت ہو گا، چاہے پنجاب حکومت اجازت دے یا نہ دے۔ مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ جمہوری روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے پیپلز پارٹی کو میثاقِ جمہوریت کے تحت کام کرنے دیں، ورنہ ان کا شمار جمہوریت کے خلاف کام کرنے والی قوتوں میں ہوگا۔اس بات کا اظہار پارٹی کے صدر لاہور فیصل میر نے گلزار ہاؤس لاھور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، پریس کانفرنس میں مجید غوری، خرم فاروق، احمد گھمن، ازین گلزار، طاہرہ جالب، عامر نصیر بٹ، امجد جٹ، راؤ شجاعت اور شاویز ندیم سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔فیصل میر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پانچ ہفتے گزرنے کے باوجود مینار پاکستان پر ورکرز کنونشن کی اجازت نہیں دی، جس پر پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پرامن احتجاج کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ملکی صورتحال کے پیش نظر پارٹی قیادت نے احتجاج سے روک دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن اور پنجاب حکومت کو پیپلز پارٹی کا جمہوری رویہ پسند نہیں آ رہا اور لاہور میں پارٹی کو سیاسی جگہ دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت اجازت دے یا نہ دے، مینار پاکستان ورکرز کنونشن بہحال منعقد ہوگا