اہلکار کو بے گناہی ثابت کرنے کے لئے موقع نہ دینا ناانصافی کے مترادف ہے:جسٹس عائشہ ملک
اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کورٹ نے اہل کار کی بحالی کے خلاف ایف سی کی درخواست خارج کردی۔ سپریم کورٹ میں فرنٹیئر کور کے اہلکار کی بحالی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت عظمی نے ایف سی خیبرپختونخوا کی درخواست خارج کردی۔ مقدمے کی سماعت جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران ایف سی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی روشنی میں اہلکار کو ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا اور ایسا کنڈکٹ کسی ڈسپلن فورس میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔جسٹس عائشہ ملک نے دوران سماعت ریمارکس دیے اہلکار کو دفاع کا موقع دیے بغیر ہی نوکری سے برخاست کر دیا گیا جب کہ ادارے کی جانب سے اہلکار کے خلاف ریگولر انکوائری بھی نہیں کروائی گئی۔ جسٹس عائشہ ملک نے مزید کہا کہ فیڈرل ٹربیونل نے بھی انہی وجوہات کی بنیاد پر اہلکار کو ریلیف دیا۔ بے گناہی ثابت کرنے کے لیے موقع نہ دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔