34جامعات کو سالانہ 15ارب خسارے کا سامنا

 24-2023 میں جامعات کے اخراجات 37ارب اور آمدن 22 ارب ہوئی،رپورٹ
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کی جامعات شدید مالی مشکلات کی زد میں آگئیں، صوبے کی 34جامعات کو سالانہ 15ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سال 24-2023میں جامعات کے اخراجات 37ارب اور آمدن 22ارب روپے ہوئی، آمدن اور اخراجات میں فرق کے باعث سالانہ 15ارب روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، تنخواہوں اور پنشن میں 50فیصد اضافے سے آمدن اور خسارے میں اضافہ ہوا۔ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ملنے والی 9ارب 40کروڑ کی گرانٹ 2018سے بند ہے، صوبائی حکومت نے گذشتہ اور رواں سال 2 ارب روپے سے زائد گرانٹ ان ایڈ جاری کیے۔دستاویز میں کہا گیا کہ صوبے کی جامعات کو 13ارب 90کروڑ روپے صرف تنخواہوں اور پنشن کیلئے درکار ہیں۔محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبائی حکومت نے مزید 3 ارب روپے بطور گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی، صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد جامعات کو 3 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ مالی خسارے کے باعث صوبے کی جامعات کے انتظامی اور دیگر مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔