کرسمس سے قبل جرائم روکنے کیلئے سیکڑوں پولیس افسران تعینات

 افسران کے پاس لائیو فیشل ریگینشن، ٹریفک انٹرسپٹر اور ای بائیک ٹیمیں بھی موجود ہیں
لندن(آئی این پی )کرسمس سے قبل لندن کے سیاحتی مقامات اور دیگر معروف علاقوں میں اندھیرا چھا جانے کے بعد جرائم اور غیرسماجی رویہ کو روکنے کیلئے سینکڑوں پولیس افسران کو تعینات کردیا گیا  ۔ سکیورٹی افسران مقامی بزنسز اور کونسلوں کے ساتھ مل کر شاپنگ کیلئے آنے والے افراد کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق زیادہ رش والے علاقوں میں یونیفارم والے افسران کے علاوہ سادہ کپڑوں میں بھی افسران موجود ہیں جو شاپ لفٹرز اور خواتین اور لڑکیوں کو تشدد کی دھمکیاں دینے والی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میئر لندن سر صادق خان کے آفس سٹی ہال نے جرائم سے نمٹنے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے مالی تعاون کیا ہے۔  چاقو کے جرائم سے نمٹنے کیلئے میٹ پولیس ویسٹ منسٹر، لیمبتھ، سدک اور ہیرنگے کے مقامات کی نشاندہی ڈیٹا کے تجزیہ سے کر رہی ہے جہاں یہ جرائم عام ہیں۔  جرائم کے انسداد کیلئے پولیس افسران کے پاس لائیو فیشل ریگینشن، ٹریفک انٹرسپٹر اور ای بائیک کی ٹیمیں بھی موجود ہیں