گرین ٹاؤن میں 46 سالہ عابد کسی ذاتی کام کے سلسلے میں ایڈووکیٹ عرفان کے دفتر میں موجود تھا ،قاتل فرار،مقدمہ درج
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے علاقے گرین ٹاؤن میں واقع عمر چوک میں ایک وکیل کے دفتر کے اندر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 46 سالہ شخص قتل ہو گیا۔ایف آئی آر کے مطابق گرین ٹاؤن کا رہائشی 46 سالہ عابد کسی ذاتی کام کے سلسلے میں ایڈووکیٹ عرفان کے دفتر میں موجود تھا کہ اسی اثنا میں نامعلوم مسلح افراد نے داخل ہو کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے مقتول کے بھائی راشد اقبال کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔