سپریم کورٹ بار الیکشن،کل میدان لگے گا

 انتظامات مکمل،عاصمہ جہانگیر اور حامد خان گروپ کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع
بار کی 13نشستوں پر ملک بھر سے 34امیدوار مدمقابل ،4ہزار 379وکلاء￿  ووٹ کاسٹ کریں گے
لاہور (کرائم رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا میدان کل (جمعہ ) 16اکتوبر کو سجے گا ، پولنگ کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ، بار کی 13نشستوں پر ملک بھر سے 34امیدوار مدمقابل ہیں ،انتخابات میں روایتی حریف عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لئے امیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 16اکتوبر کو انتخابات کے لئے ووٹنگ لاہور، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، کے پی، سندھ اور بلوچستان میں ہو گی۔ بار کی 13 نشستوں پر ملک بھر سے 34امیدوار مدمقابل ہیں۔ صدارت کے لئے عاصمہ جہانگیر گروپ کے ایڈووکیٹ ہارون الرشید اور حامد خان گروپ کے توفیق آصف کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہو گا جبکہ سیکرٹری کے عہدے کے لئے میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم آمنے سامنے ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری کے لئے قاضی غلام دستگیر اور سردار طارق حسین کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ فنانس سیکرٹری کے لئے تنویر چوہدری اور سائرہ خالد راجپوت مد مقابل ہیں ، نائب صدر (پنجاب)کے لئے حبیب قریشی، ارشد حسین اور خالد مسعود سندھو کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔ نائب صدر بلوچستان کے لئے لیاقت علی ترین اور رحمت اللہ صدوزئی مد مقابل ہیں ، نائب صدر خیبرپختونخوا کے لئے فضل شاہ محمود اور حبیب قریشی کے درمیان مقابلہ ہو گا اور نائب صدر سندھ کی نشست پر خوشحال خان اور لطف اللہ آرائیں آمنے سامنے ہوں گے۔ سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں 4ہزار 379وکلاء￿  ووٹ کاسٹ کریں گے۔ لاہور میں 1ہزار 460وکلاء￿  اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ ملتان میں 315، بہاولپور میں 145، راولپنڈی میں 805، خیبرپختونخواہ میں 593، سندھ میں 741اور بلوچستان میں 322وکلاء￿  ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے اہل قرار پائے ہیں۔