ہنی ٹریپ گینگ کے 5کارندے گرفتار

 چوکی نادرآباد پولیس نے معظم، شہریار، حیدر، علی رضا کوکیش اور دیگر شواہد سمیت حراست میں لیا
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر پولیس نے ہنی ٹریپ میں ملوث خطرناک گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا اے ایس پی ڈیفنس بریرہ کی سربراہی میں چوکی نادرآباد پولیس کی ٹیم نے کارروائی کے دوران معظم، شہریار، حیدر، علی رضا سمیت دیگر ملزمان کو کیش اور دیگر شواہد سمیت حراست میں لیاترجمان پولیس کے مطابق ملزمان مختلف آن لائن ایپس کے ذریعے شہریوں کو مختلف چیزوں کا جھانسہ دے کر مخصوص مقامات پر بلاتے تھے،جہاں انہیں ڈرا دھمکا کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا اور قیمتی سامان و نقدی چھین لی جاتی۔ ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں سے موبائل فون اور ایپلیکیشنز کے پاس ورڈ حاصل کرکے ان کے بینک اکاؤنٹس سے رقوم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے تھے اور کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے تھے۔ملزمان کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید انکشافات کے لیے انہیں انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔