بیوی اور بھائی کے ساتھ مل کر قتل کیا ، جدید ٹیکنالوجی سے اشتہاری پکڑا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) گڑھی شاہو میں ریلوے آفیسر فیصل منظور کے اندوہناک قتل میں ملوث اشتہاری مجرم کو بالآخر کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کیس میں پیش رفت کے لیے خصوصی ٹاسک جاری کیا تھا، جس پر انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گڑھی شاہو شمس تبریز نے ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کی۔ایس پی انویسٹی گیشن خالد سعید کے مطابق، کچھ عرصہ قبل فیصل منظور کو تیز دھار آلہ سے اس وقت قتل کیا گیا جب ملزم، مقتول کی بیوی اور اپنے سگے بھائی کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کر چکا تھا۔ مقتول کی بیوی اور مرکزی ملزم کے بھائی کو پہلے ہی گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جا چکا ہے۔ذرائع کے مطابق اشتہاری مجرم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کراچی میں ٹریس کر کے دھر لیا گیا۔ ڈی آئی جی سید ذیشان رضا نے کہا ہے کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کر کے قاتل کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔