ویب ڈیسک: اَپر دیر کے علاقے عشیرہ درہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو شادی شدہ خواتین نے خودکشی کرلی، جس سے علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں واقعات مختلف گھروں میں پیش آئے، جہاں خواتین نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی جانیں لیں۔ تاہم ابتدائی طور پر خودکشی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔پولیس نے دونوں واقعات کے حوالے سے الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین شادی شدہ تھیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے پریشانیوں کا شکار دکھائی دے رہی تھیں، تاہم ان کے مسائل کی نوعیت کے بارے میں فی الحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹس اور اہل خانہ کے بیانات کی روشنی میں حتمی موقف اختیار کیا جائے گا۔یہ افسوس ناک واقعات اس بات کے متقاضی ہیں کہ گھریلو مسائل پر بروقت توجہ دی جائے اور ذہنی صحت کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ ایسے دلخراش سانحات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔