اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ جاتے ہوئے انسداد پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ضرور ساتھ رکھیں، بصورت دیگر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات کی روشنی میںسعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب جانے والے ہر مسافر کے لیے چاہے وہ عمرہ، اقامہ، زیارت کسی بھی غرض سے جائے، پولیو سے بچائوکی ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہے۔ سعودی عرب جانے والے تمام مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل اپنے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ضرور ساتھ رکھیں۔