رواں سال بلوچستا ن میں 78ہزار آپریشن ،707دہشتگردہلاک

3گرفتار،202 اہلکار شہید ،280شہری جاں بحق ،فورسز پرحملوں میں کمی
ایڈیشنل چیف سیکرٹری حمزہ شفقات ،ڈی آئی جی اعتزاز گورائیہ کی پریس کانفرنس 
کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورائیہ نے کہا ہے کہ اس سال بلوچستان میں 78 ہزارانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے گئے جبکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں 707 دہشت گرد مارے گئے،202 سکیورٹی اہلکار شہید اور 280 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ خاران میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کی نسبت رواں برس حکومت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتر حکمت عملی کے ذریعے سکیورٹی فورسز پر حملے کم ہوئے۔انہوں نے بتایاکہ زیارت سے اغوا ہونے والے مغوی ڈی سی زیارت کے بیٹے بازیاب ہوچکے ہیں جبکہ ڈی سی زیارت کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ انہیں شہید کردیا گیا ، ان کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ سے ہٹ کر 10ارب روپے دئیے گئے ہیں، یہ رقم سکیورٹی مزید بہتر بنانے پرخرچ کی جائے گی ،دہشت گردوں کے تانے بانے ہمیشہ سے ہی بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں ،ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔