لندن (آئی این پی )برطانیہ کے دارلحکومت لندن میں جلد اڑن ٹیکسیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ فلائنگ ٹیکسیوں کا نام دئیے گئے 6 نشستوں والے ان خصوصی طیاروں کو 2028 تک برطانوی عوام فضائوں میں اڑتے دیکھ پائیں گے۔ ایرو اسپیس کو پر امید ہے کہ 3 سال کے دوران ریگولیٹری منظوری حاصل کر لی جائے گی جس کے بعد کمرشل بنیادوں پر خدمات کیلئے سروسز پیش کی جائیں گی۔ ورٹیکل ایرو اسپیس کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیورٹ سمپسن نے کہا ہے کہ ویلیو نامی مذکورہ ٹیکسی وہ طیارہ ہو گا جو برقی پرواز کو تجارتی حقیقت کا حقیقی روپ دے گا۔ صاف، پرسکون، تیز اور روز مرہ کی خدمات کیلئے اس کا استعمال مفید ثابت ہو گا، گھنٹوں کا سفر منٹوں میں طے ہو سکے گا۔ کمپنی یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) اور یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی(ای اے ایس اے) کے ساتھ حتمی جانچ کیلئے برطانیہ میں 7 سرٹیفیکیشن طیارے بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس طیارے کو 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 100 میل تک پرواز کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اڑن ٹیکسیاں 4 سیٹوں والے کیبن، 6 کیبن بیگز، چیک شدہ بیگز، پینورامک ونڈوز، رازداری اور حفاظت کے لیے ایک کاک پٹ ڈیوائیڈر کے ساتھ لانچ ہوں گی۔