خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے پیشِ نظر کل سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا تاکہ شہداء اور متاثرہ افراد کے لیے خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ باجوڑ میں امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث کریش ہو گیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہو گئے۔حادثے کی جگہ پر فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ ریسکیو آپریشن کو تیز کیا جا سکے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا اور متاثرین کی مدد کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور ریسکیو حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔