وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے جلد اسلام آباد میں ایک خصوصی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں چینی بزنس کمیونٹی کو مدعو کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ اعلان انہوں نے کراچی میں چینی قونصل خانے کے دورے کے دوران چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات کے دوران پاک چین دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے فروغ، سیکیورٹی صورتحال اور چینی شہریوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے کراچی میں مقیم چینی تاجروں کو درپیش مشکلات کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی سہولت اور سیکیورٹی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے قونصل جنرل اور چینی سرمایہ کاروں کو مجوزہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر سطح پر مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔