20 فٹ اونچی دیوار ساڑھے 5 کلو میٹر طویل ہو گی،مغلیہ طرز پر باغ بھی لگایا جائے گا، پی سی ون تیار
نئی پارکنگز تعمیر ،شاہ عالم تا بھاٹی چوک پیدل گزرگا ہ بنائی جائیگی ،فصیل پر4 ارب 80 کروڑ کی لاگت ،ورثہ کے تحفظ کیلئے پلان تشکیل:سیکرٹری بلدیات
لاہور ( کرائم رپورٹر )قدیم لاہور کو محفوظ بنانے کے لئے پانچ کلو میٹر لمبی فصیل کی تعمیر اور مغلیہ طرز پر باغ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ شہر کے گرد 20 فٹ اونچی ساڑھے پانچ کلومیٹر طویل مضبوط فصیل بنانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ،پیٹرن انچیف لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول میاں نواز شریف نے احکامات جاری کئے۔مزید تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے قدیم لاہور کے گرد مضبوط فصیل بنانے کی تیاری کر لی، پنجاب حکومت قدیم شہر کے گرد مغلیہ دور کے طرز کا باغ بھی لگائے گی۔4 ارب 80 کروڑ 29 لاکھ روپے کی لاگت سے سرکلرروڈ کے ساتھ فصیل تعمیر ہوگی۔شہر کے 12دروازوں کے حسن کی بحالی کے لئے پی سی ون تیار کر لئے گئے۔ ہیریٹیج زون،مال روڈ،انار کلی،نیلا گنبد اور ملحقہ علاقوں کا سروے بھی مکمل کر لیا گیا ، قدیم لاہور کی بحالی کے لئے پی سی ونز کو حتمی شکل دیدی گئی ،لاہور کے ہیریٹیج ایریاز کی بحالی کے لئے شہر کو 6 زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اندرون لاہور اور ملحقہ علاقوں میں انڈر گرا ئونڈ پارکنگز بنائی جائیں گی ۔ بھاٹی گیٹ،شاہ عالم مارکیٹ،موچی گیٹ،دہلی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب نئی پارکنگز بنائی جائیں گی۔شاہ عالم گیٹ،یکی گیٹ،موچی گیٹ اور اکبری گیٹ کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔شاہ عالم مارکیٹ تا بھاٹی چوک تک پیدل گرزگا ہ بنائی جائے گی۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کا کہنا تھا تجاوزات کو مستقل طور پر ختم کرکے فصیل بنا نے کا فیصلہ کیا ، تمام پی سی ونز کو حتمی شکل دے دی گئی ،حکومت پنجاب نے لاہور میں سیاحت کے فروغ اور ورثہ کے تحفظ کیلئے میگا پلان تشکیل دیا ہے۔