لاہور سمیت پنجاب میں پانچ روز کیلئے دفعہ144نافذ

 عوامی مقامات یا شاہراہوں پر اجتماعات، جلوس  اور دھرنوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی
شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر اطلاق نہیں ہوگا
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب بھر میں پانچ روزکے لئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جلوس و اجتماعات پر پابندی عائد ہوگی، جس کے تحت عوامی مقاماتی یا شاہراہوں پر اجتماعات، جلوس یا دھرنوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع، جلوس یا اکٹھے ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی، غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا، اسی طرح عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ پابندی کا اطلاق ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔