عالمی معیشت میں ہماری مصنوعات اور خدمات کا معیار ہماری مسابقتی برتری کا تعین کرتا ہے
اسلام آباد (آن لائن) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی معیارات کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر وہ معیارات اپنانے کا دن منا رہے ہیں جو ایک محفوظ، پائیدار اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس سال کا موضوع "بہتر دنیا کے لیے مشترکہ وژن" عالمی سطح پر ایک محفوظ، جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج کی عالمی معیشت میں ہماری مصنوعات اور خدمات کا معیار ہماری مسابقتی برتری کا تعین کرتا ہے۔ معیارات کی پابندی صرف ایک اختیار نہیں بلکہ عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدات میں اضافہ اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ایک ناگزیر ضرورت ہے۔