پاکستان طے کرتا ہے سائوتھ ایشیا کی پاورپالیٹکس کیسے ہونی ہے ، جو کرنا چاہیے تھا وہ کیا
نیوکلیئر بہت بعد کی بات ، روایتی جنگ میںبھارت کو دھول چٹائی ہے، میڈیا سے گفتگو
لاہور(آئی این پی )سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے یہ تاثر ختم کر دیا کہ بھارت سائوتھ ایشیا کا اسرائیل ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایئرفورس نے چند گھنٹوں میں بھارت کے 5طیارے گرائے، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 20ایئر بیسز تباہ کیں۔انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر بہت بعد کی بات ہے روایتی جنگ میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹائی ہے، پاکستان کو جو کرنا چاہیے تھا وہ کیا، پوری قوم افواج پاکستان، پاک فضائیہ کی شکرگزار ہے، دنیا میں تاثر پھیلا ہوا تھا کہ ہندوستان سائوتھ ایشیا کا اسرائیل ہے، پاکستان نے یہ تاثر ختم کیا۔سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان طے کرتا ہے کہ سائوتھ ایشیا کی پاور پالیٹکس کیسے ہونی ہے، افواج پاکستان کے جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر ہندوستان کو دھول چٹائی، افواج پاکستان نے ملک وقوم کا سر فخرسے بلند کیا ہے۔علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے 9مئی کے مقدمات میں فواد چودھری سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 16جون تک توسیع کر دی، عدالت میں فواد چودھری، علی امتیاز، کرامت کھوکھر سمیت دیگر نے حاضری مکمل کرائی۔