پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کی فوج ہے اور وہ قربانیاں دے رہی ہیں۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے سانحے پر انہیں گہرا دکھ ہے اور وہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت بھی کی۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ افواج پاکستان اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہی ہیں اور وہ ہمیشہ قوم کے ساتھ کھڑی ہیں۔ "میں نے تقریباً پانچ یا چھ ماہ قبل بلوچستان کے حالات پر بات کی تھی،" انہوں نے کہا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کوٹ لکھپت جیل میں ڈاکٹر یاسمین راشد، سینٹر اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور دیگر اسیران سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وکلاء کو عدالت میں درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عمر ایوب کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 8 اپریل تک توسیع کر دی۔اس کے علاوہ، عمر ایوب اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر بغاوت اور کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔