سپریم کورٹ نے نابالغ بچوں کی حوالگی اور نان و نفقہ سے متعلق دعوؤں کے دائرہ اختیار پر اہم فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق گھریلو تنازعات میں نابالغ بچے کے حصول یا خرچے سے متعلق دعویٰ اس ضلع کی فیملی عدالت میں دائر کیا جائے گا جہاں بچہ یا متعلقہ فریق رہائش پذیر ہو۔یہ فیصلہ ’’طلعہ بنام اریبہ‘‘ کیس کے دوران بطور نظیر پیش کیا گیا۔ کیس میں خاتون اسلام آباد جبکہ شوہر لاہور میں مقیم ہے۔ شوہر نے بچے کے حصول کے لیے لاہور کی فیملی عدالت میں دعویٰ دائر کر رکھا تھا، تاہم خاتون کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نابالغ بچے کو لے کر لاہور آنا جانا خاتون کے لیے دشوار ہے۔
عدالت میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی نقول پیش کرتے ہوئے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔ فیملی عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کو دلائل کے لیے 27 فروری کو طلب کر لیا ہے۔یہ فیصلہ فیملی عدالتوں میں بچوں کی حوالگی اور نان و نفقہ کے دعوؤں کے لیے دائرہ اختیار کے معاملات کو واضح کرنے میں اہم پیش رفت ہے۔