محکمہ تعلیم کے اقدامات طلباء کے لیے طبی نگہداشت اور مفت دودھ و بسکٹ کی فراہمی جاری ہے ، حکام
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے سکولوں میں طلباء کے ہیلتھ پروفائل تیار کرنے کا عمل جاری رکھا ہے تاکہ بچوں کی صحت اور تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ ابتدائی سروے کے مطابق 2 لاکھ 58 ہزار طلباء کو صحت کے معمولی مسائل، 37 ہزار کو زیادہ اور ساڑھے 8 ہزار طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بصارت کے مسائل میں 32,500 طلباء کو معمولی کمی، 2,560 کو زیادہ اور 2,349 طلباء کو شدید دشواری درپیش ہے۔ سماعت کے مسائل میں 21,000 طلباء کو معمولی، 21 طلباء کو زیادہ اور 1,341 طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چلنے پھرنے یا سیڑھیاں چڑھنے میں دشواری میں 16,000 طلباء کو معمولی، 2,061 کو زیادہ اور 1,232 طلباء کو شدید مسائل درپیش ہیں۔محکمہ تعلیم نے خصوصی طلباء کے لیے بہترین سہولیات اور جامع تعلیمی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔ بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے سکولوں میں انہیں دودھ اور بسکٹ بھی مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ہیلتھ پروفائل کے مکمل ہونے کے بعد ہر طالب علم کے لیے انفرادی نگہداشت اور ضروری طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف طلباء کی صحت بلکہ تعلیمی معیار میں بھی بہتری متوقع ہے