سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداء کی نویں برسی

 آئی جی پنجاب کی ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی رہائش گاہ آمد 
 فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت
لاہور (خصوصی رپورٹ)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداء کی نویں برسی کے موقع پر شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کی والدہ سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے شہید کے ایصالِ ثواب اور بلندی درجات کے لیے فاتح خوانی اور خصوصی دعا کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس موقع پر شہید ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین انسان اور انتہائی پروفیشنل پولیس افسر تھے۔ ملک و قوم اور پنجاب پولیس کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کرتے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ یومِ شہداء چیئرنگ کراس پنجاب پولیس کے بہادر شہیدوں سے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ پولیس افسران اور جوانوں نے 2017ء میں آج ہی کے دن فیصل چوک مال روڈ لاہور پر جامِ شہادت نوش کیا۔ڈی آئی جی سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد محمود گوندل سمیت 07 پولیس افسران اور اہلکاروں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سانحہ فیصل چوک (چیئرنگ کراس) میں اے ایس آئی محمد امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبلز محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی۔ پنجاب پولیس 1700 سے زائد شہداء کی امین ہے اور دہشتگردوں و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء￿  پولیس کے اہلِ خانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔