پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی، ترقیاتی منصوبوں کا نیا اسکور کارڈ جاری

پاکستان نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی، ترقیاتی منصوبوں کا نیا اسکور کارڈ جاری

پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے نیا اسکور کارڈ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کو مزید محدود کر دیا جائے گا۔

منصوبہ بندی کمیشن نے پبلک انویسٹمنٹ پروسیجر اینڈ پیرامیٹر پر مبنی ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق آئندہ مالی سال میں صرف 10 فیصد نئے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ، پی ایس ڈی پی کے تحت صوبائی نوعیت کے منصوبوں کی مالی معاونت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم وفاقی حکومت مخصوص علاقائی منصوبوں کی مالی مدد جاری رکھے گی۔

پی ایس ڈی پی میں کٹوتی
رواں مالی سال کے دوران پی ایس ڈی پی بجٹ میں 300 ارب روپے کی کمی کی جا چکی ہے۔ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں 1400 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، لیکن بعد میں اس میں کمی کر کے 1100 ارب روپے کر دیا گیا۔وفاقی وزارتیں اور ڈویژنز پہلے ہی اپنے ترقیاتی بجٹ کے استعمال کو محدود کر چکی ہیں، جس کے باعث کئی منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں۔ یہ اقدامات پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ مالیاتی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔