فیض حمید کا ورد جلد (ن) لیگ کے گلے پڑنے والا ہے: زرتاج گل

پہلے 9مئی کی تسبیح پڑھی لیکن ہمیں کوئی فرق نہیں پڑا ،اب انہیں نیا ورد ملا ہے، ایک اور کوشش کر لیں
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کا ورد جلد مسلم لیگ( ن ) کے گلے پڑنے والا ہے۔  پہلے مسلم لیگ (ن)نے 9 مئی کی تسبیح پڑھی لیکن ہمیں کوئی فرق نہیں پڑا۔ ایک انٹرویو میں زرتاج گل نے کہا کہ 8فروری کا الیکشن جیت گئے اب انہیں نیا ورد ملا ہے، ایک اور کوشش کر لیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن )نے جو کچھ کیا اس کی بھی یہ تردید کرتے رہے، واقعے کی انکوائری رپورٹ میں تھا کہ حاملہ خواتین تک گولیاں ماری گئیں،(ن) لیگ کی حکومت میں واٹر کینن اور آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کیا، ہم خواتین کو کبھی تھری ایم پی او تو کبھی 16ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا جاتا ہے، ہم خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا اب بھی کئی خواتین جیلوں میں ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سول نافرمانی کا آپشن موجود ہے لائحہ عمل کا اعلان 15 دسمبر کے بعد ہوگا، پی ٹی آئی کی 27 سالہ جدوجہد ہے کسی بیساکھی سے نہیں آئی۔