بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں متعدد اہم مقامات کو بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
ان مقامات میں دہلی ہائی کورٹ، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ، جمناگر ہاؤس، جھنڈیوالان عمارت، ساکیت دفتر، ضلعی مجسٹریٹ کا دفتر، اور دہلی کینٹ کا سب ڈویژنل مجسٹریٹ دفتر شامل ہیں۔دھمکی آمیز ای میلز کا عنوان ‘دہلی ہائی کورٹ میں دھماکا، 2 بج کر 11 منٹ’ ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہفتہ دوپہر 2 بج کر 11 منٹ پر دہلی ہائی کورٹ میں بم دھماکا کیا جائے گا، جس کے ایک گھنٹے بعد دیگر عدالتوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ای میل میں سکھ علیحدگی پسند تحریک خالصتان کا ذکر کیا گیا ہے، اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحریک کے ارکان دہلی پہنچ چکے ہیں اور شہر کو خالصتان میں تبدیل کیا جائے گا۔ دھمکیوں میں دہلی کی عدالتوں پر سکھوں کے خلاف مقدمات چلانے کا الزام بھی شامل ہے۔مزید یہ کہ دہلی میٹرو اور امبالہ جانے والی ٹرینوں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اداروں نے مذکورہ مقامات پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دیں ہیں، اور تاحال کسی مقام سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی ہے، تاہم سیکیورٹی اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔