بادامی باغ کے علاقے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق، سب انسپکٹر عدیل عاشق کو مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت ٹریپ کرکے بادامی باغ بلایا گیا، جہاں ملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں اور نائب محرر اسد کو شہید کردیا۔ذرائع کے مطابق، ملزم ریحان بٹ کے والد، فیاض بٹ، نے سب انسپکٹر عدیل عاشق کو پیغام بھیجا جس میں ریحان بٹ کی بادامی باغ میں موجودگی کی اطلاع دی گئی۔ اس پیغام کے بعد، عدیل عاشق تھانے سے ضروری کام چھوڑ کر بتائی گئی جگہ کی جانب روانہ ہوگئے۔جب وہ تھانے سے جاتے ہوئے نائب محرر اسد کو اپنے ہمراہ لے گئے، تو مقررہ مقام پر پہنچ کر، ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ، سب انسپکٹر عدیل عاشق اس بات سے بے خبر تھے کہ فیاض بٹ بھی اپنے بیٹے ریحان بٹ کے ساتھ مبینہ طور پر ملا ہوا ہے اور انہیں جال میں پھنسانے کے لیے پیغام بھیجا گیا تھا۔واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، اور تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ، جیسے جیسے تحقیقات آگے بڑھیں گی، مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔ یہ واقعہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک اہم اور حساس معاملہ ہے، جس پر تفتیش جاری ہے۔