شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں،حکومتی ادارے اور انتظامیہ فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کر رہے :حکام
لاہور(کرائم رپورٹر)سموگ کی نگرانی اور پیشگوئی کرنے والے نظام کے مطابق شہر کا فضائی معیار حساس افراد کیلئے غیر صحت بخش رہنے کا امکان ہے۔سسٹم کے مطابق صبح کے ابتدائی اوقات میں اے کیو آئی 175 تک رہا جبکہ دن بھر کی اوسط سطح 155 ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ کم ہوا کی رفتار 1 تا 8 کلومیٹر فی گھنٹہ نمی میں اضافہ اور بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی کمی متوقع ہے۔رات 9 سے 11 بجے کے دوران بڑھتی ٹریفک، ایندھن کا زیادہ استعمال اور درجہ حرارت میں کمی آلودگی میں اضافے کا باعث بن سکتاہے ، دن کے اوقات میں فضائی معیار میں بتدریج بہتری آئے گی تاہم رات گئے حالات دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بچوں و بزرگوں کو صبح کے اوقات میں باہر جانے سے احتیاط برتنے کی تلقین کریں، گاڑیوں کا ایمشن ٹیسٹ یقینی بنائیں۔ حکومتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ فضائی معیار کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔