اٹلی کے ایتھلیٹ میتیا دیبرٹولس ورلڈ گیمز کے دوران انتقال کر گئے، وجہ موت نامعلوم

اٹلی کے ایتھلیٹ میتیا دیبرٹولس ورلڈ گیمز کے دوران انتقال کر گئے، وجہ موت نامعلوم

چین میں جاری 2025ء ورلڈ گیمز کے دوران اٹلی کے اورینٹیئرنگ ایتھلیٹ متییا دیبرٹولس 29 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

منتظمین کے مطابق دیبرٹولس مردوں کی مڈل ڈسٹنس ریس کے دوران بے ہوش ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا اور طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔انٹرنیشنل ورلڈ گیمز ایسوسی ایشن، مقامی آرگنائزنگ کمیٹی اور انٹرنیشنل اورینٹیئرنگ فیڈریشن نے اپنے مشترکہ بیان میں اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایتھلیٹ کے اہل خانہ، دوستوں اور پوری اورینٹیئرنگ کمیونٹی سے تعزیت کی۔ بیان میں موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔دیبرٹولس اٹلی کی اورینٹیئرنگ فیڈریشن (FISO) کی ٹیم کا حصہ تھے اور ورلڈ چیمپئن شپ اور ورلڈ کپ کے متعدد مقابلوں میں حصہ لے چکے تھے۔ 2022ء کے ورلڈ کپ فائنل ریلے میں اٹلی کو پانچویں پوزیشن دلوانا ان کی نمایاں بین الاقوامی کامیابیوں میں شامل تھا۔

فیڈریشن کے مطابق، ان کی یاد میں پولینڈ میں جاری ماؤنٹین بائیک اورینٹیئرنگ ریسز کی ایوارڈ تقریب میں پرچم نصف سرنگوں کر کے خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اورینٹیئرنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑی نقشہ اور کمپاس کی مدد سے ناواقف اور انجانی زمین پر دوڑ لگاتے ہوئے راستہ تلاش کرتے ہیں، جہاں وقت کے ساتھ ذہانت اور مہارت کا بھی امتحان ہوتا ہے۔