چکن گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، صارفین پریشان

چکن گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، صارفین پریشان

لاہور: شہر میں چکن گوشت کی قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس کے باعث عام صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

 مارکیٹ میں چکن گوشت سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چکن گوشت فی کلو 640 سے 680 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ حکومت نے اس کی سرکاری قیمت 591 روپے فی کلوگرام مقرر کر رکھی ہے۔ اسی طرح صاف گوشت (بغیر ہڈی) کی قیمت 760 سے 780 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہے۔دوسری جانب فارمرز ریٹ میں بھی بڑا فرق دیکھنے کو مل رہا ہے۔ برائلر گوشت کا سرکاری فارمر ریٹ 380 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن فارمرز نے سپلائی 43 روپے اضافے کے ساتھ 423 روپے فی کلو پر فراہم کی ہے۔ اس اضافے کے باعث ہول سیل مارکیٹ اور پرچون فروش بھی متاثر ہوئے ہیں۔

ہول سیل سطح پر برائلر گوشت کی قیمت 394 روپے فی کلو جبکہ پرچون سطح پر 408 روپے فی کلو ہونی چاہیے تھی، تاہم مارکیٹ میں یہ نرخ برقرار نہیں رہ سکے اور صارفین کو مقررہ قیمت پر گوشت دستیاب نہیں ہو رہا۔مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمرز کی جانب سے فیڈ کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی کم ہونے کی وجہ سے نرخوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ پرچون فروشوں نے بھی شکایت کی ہے کہ جب انہیں مہنگے داموں سپلائی ملے گی تو وہ سرکاری نرخ پر فروخت نہیں کر سکتے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو مارکیٹ پر سخت کنٹرول کرنا چاہیے تاکہ قیمتوں میں استحکام لایا جا سکے اور غریب صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔