جو مکا جنگ کے بعد یاد آئے، اسے اپنے ہی منہ پر مار لینا چاہیے: بیرسٹرسیف

سیز فائر کے بعد ایسے نمودار ہوئے جیسے بھارت انہوں نے فتح کرلیا ہو، مشیراطلاعات کا نوازشریف پرطنز 
پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکڑ سیف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی خدمت میں عرض ہے جو مکا اور تھپڑ جنگ کے بعد یاد آئے، اسے اپنے ہی منہ پر مار لینا چاہیے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیز فائر کے بعد بالآخر نواز شریف منظرِ عام پر آئے، سیز فائر کے بعد نواز شریف کے بیانات خود ان پر الٹ رہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ دوران جنگ باپ بیٹی دونوں نے منہ پر پٹی باندھی تھی اور سیز فائر کے بعد دونوں ایسے نمودار ہوئے جیسے بھارت انہوں نے فتح کرلیا ہو۔انہوں نے کہا کہ ملک کے حقیقی لیڈر عمران خان نے قید میں رہ کر بھی مودی کو للکارا لیکن نواز شریف نے آزاد ہو کر بھی مودی اور بھارت کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا، پھر کہتے ہیں قوم عمران خان کے پیچھے کیوں کھڑی ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ مودی کو للکارنے والا مردِ مجاہد صرف عمران خان ہے لیکن نواز شریف میں یہ جرات نہیں، نواز شریف صرف جاتی امراء میں مودی کی خاطر تواضع کر سکتے ہیں۔