عمران کی رہائی کیلئے وکلا کی پنجاب اسمبلی سے ہائیکورٹ تک ریلی

 اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر ارکان شریک ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے نعرے
مریم بی بی عوام کے لئے سنگدل ثابت ہوئی ہیں کیا بشریٰ خاتون نہیں ،ملک احمد 
لاہور (کرائم  رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کے وکلاء نے آئی ایل ایف کے ساتھ ملکر ریلی نکالی۔ ریلی میں وکلاء اور ممبر پنجاب اسمبلی شریک ہوئے لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار نے آئین کی حکمرانی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ریلی نکالی جس میں وکلاء اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچرسمیت دیگر اراکین اسمبلی شریک ہوئے۔ ریلی پنجاب اسمبلی سے شروع ہوئی اور لاہور ہائیکورٹ تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس میں وکلاء نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے نعرے بازی کی۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے لیے جعلی حکومت ہم پر مسلط کی گئی۔ 30 لاکھ بندہ مزید غربت کی لکیر سے نیچے چلا گیا ہے انہوں نے کہاکہ یہ غیر اعلانیہ نہیں اعلانیہ مارشل لا ہے۔بانی پی ٹی آئی اور انکی بیوی کو بے بنیاد مقدمات کی بنا پر جیل میں رکھا ہوا ہے کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو قید تنہائی میں رکھ کر انہیں عوام کے دلوں نکال لیں گے ؟ مریم بی بی آپ عوام کے لیے سنگدل ثابت ہوئی ہیں کیا بشری ٰبی بی خاتون نہیں ہیں؟۔