عمان کے وزیر خارجہ کا ایران کا دورہ، صدر سمیت اہم عہدے داروں سے ملاقات

 خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایران کے ساتھ مثبت روابط قائم رکھیں گے،ابوسعیدی
 امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا اسرائیلی وزیراعظم کو فون، ایران اور خطے کی صورتحال پر گفتگو
تہر ان،واشنگٹن (آئی این پی )عمان کے وزیر خارجہ بدر ابوسعیدی نے تہران کا دورہ کر کے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ سمیت اہم عہدیداروں سے ملاقات کی۔غیرملکی میڈیاپورٹ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر ابوسعیدی کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایران کے ساتھ مثبت روابط قائم رکھیں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ عمان نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمانی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران علاقائی امن اور دو طرفہ تعلقات سے متعلق اہم تبادلہ خیال ہوا۔ د وسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن ہایو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں رہنماوں نے ایران میں مظاہروں، غزہ اور شام کی صورتحال پر گفتگو کی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں رہنماوں نے اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی تاہم اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔