تاریخی فیصلہ واضح پیغام ہے فیض حمید غیرقانونی کام کر رہے تھے:بلاول بھٹو

خیبرپختونخوا میں گورنرراج سے متعلق بات نہیں ہوئی، پی ٹی آئی اپنے طرزعمل سے وفاق کو مجبور کر رہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کی چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو
بلاول بھٹو چنیوٹ میں سید حسن مرتضی کی رہائش گاہ گئے‘  والد سید غلام مرتضی شاہ کے انتقال پراظہار تعزیت ‘لاہور میں جوڈیشل کالونی  کا دورہ‘ عمر شریف بخاری سے صاحبزادی  کے انتقال پر تعزیت 
چنیوٹ‘لاہور(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیض حمید کے حوالے سے فوجی عدالت کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے  فیصلے سے واضح پیغام ہے کہ فیض حمید غیرقانونی کام کر رہے تھے۔ چینیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  فیض حمید سے متعلق تاریخی فیصلہ ہے تاہم فیض حمید کے خلاف مزید ٹرائل ابھی جاری ہے‘ فیض حمید کے پاس اپیل کے لیے بھی فورمز ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنرراج سے متعلق باقاعدہ ڈسکشن نہیں ہوئی، گورنر راج ایک آئینی آپشن موجود ہے، پی ٹی آئی اپنے طرزعمل سے وفاق کو مجبور کر رہی ہے اور پی ٹی آئی کی سیاست خود ایسے حالات پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں مریم نواز اور فریال تالپور کو ٹارگٹ کیا گیا، آج عمران خان خود جیل میں ہے، یہ مکافات عمل ہے، بانی پی ٹی آئی بطور وزیراعظم طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیتے تھے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں غلط روایات ڈالیں، نفرت اور انتشار کی سیاست کو پروان چڑھایا۔ انہوں نے کہا  سب کو کوشش کرنی چاہیے وفاق کی مشکلات دور کی جائیں، وفاق کی مالی مشکلات دور کرسکتے ہیں اور اس کے لیے پی پی پی تعاون جاری رکھے گی، صوبے کے اختیارات کم کیے بغیر وفاق کی مشکلات کم کرسکتے ہیں‘    قبل ازیںبلاول بھٹو  قصبہ رجوعہ سادات میں پی پی پی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضی کی رہائش گاہ گئے‘انہوں نے  سید حسن مرتضی سے ان کے والد سید غلام مرتضی شاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا‘دریں اثناء  بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں  جوڈیشل کالونی جا کر پی پی پی رہنما سید عمر شریف بخاری سے ان کی صاحبزادی زویا سید کے انتقال پر تعزیت کی