ریاض (آئی این پی ) سعودی عرب نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق حکومت نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے مسلسل جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ ساتھ ہی عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مثر اقدامات کرے۔دوسری جانب سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ انہوں نے قطر پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ فعل اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔سعودی ولی عہد نے یقین دہانی کرائی کہ مملکت قطر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور دفاع و خودمختاری کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔