اترپردیش(نیٹ نیوز) کیا ہوگا جب آپ پانی کے لیے نل کھولیں اور ہینڈ پمپ چلائیں اور اس میں سے پانی کے بجائے مچھلیاں نکلنے لگیں؟گھروں کے اندر یا باہر نل یا ہینڈ پمپ پانی حاصل کرنے کا ایک ذریعہ ہیں۔ مگر ایک گا ئوں میں ان سے پانی کے بجائے مچھلیاں نکل رہی ہیں۔ یہ منظر مقامی افراد کے لیے کسی عجوبہ سے کم نہ تھا۔یہ منفرد واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے گا ئوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد پیش آیا۔ جمسڈا گا ئوں میں لگ بھگ 25 سے زائد گھر ہیں۔ جب انہوں نے پانی کے لیے نل، ہینڈ پمپوں اور ٹیوب ویلوں کو کھولا تو سب ہی یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان سے پانی کی دھاروں کے بجائے مچھلیاں نکل رہی تھیں۔اردگرد کے دیہات میں جب یہ خبر پھیلی تو وہ بھی یہ دیکھنے آ گئے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے زیر زمین پانی کی سطح متاثر ہونے کے بعد پانی انتہائی آلودہ، پیلی رنگ اور بدبودار ہو گیا ہے، جس کو ہم پی نہیں سکتے، لیکن حیران کن طور پر اس میں سے چھوٹی چھوٹی مچھلیاں نکل رہی ہیں۔نندو کشواہا کے ٹیوب ویل سے سوا کلو اور آدھا کلو تک کی مچھلیاں نکلیں، جس کو پکا کر انہوں نے دسترخوان کی زینت بنایا۔ تاہم کھانا پکانے اور پینے کے لیے آر او پلانٹ سے پانی منگوایا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہینڈ پمپس اور ٹیوب ویلوں سے سنگھی، ٹیگنا، گرئی، گویجا سمیت کئی اقسام کی مچھلیاں آ رہی ہیں۔اب اطراف کے گا ئوں والے بھی رات کو وہاں آ کر ٹیوب ویل سے مچھلیاں پکڑتے دکھائی دیتے ہیں اور اس گا ئوں کا نام ’’زندہ فش پارک‘‘ پڑ گیا ہے۔ صاف پانی سے محروم گا ئوں والوں کا طنزیہ کہنا ہے کہ اب مچھلی خریدنے کے لیے مارکیٹ جانے کی ضرورت نہیں، صرف ہینڈ پمپ کھولو اور گھر بیٹھے مختلف اقسام کی مچھلیاں حاصل کرو۔اس حوالے سے متعلقہ سرکاری افسر کا کہنا ہے کہ جلد اس صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم گا ئوں بھیجی جائے گی۔