ویب ڈیسک: رحیم یار خان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے اشتہاری مجرم خواجہ طارق بٹ عرف طیفی بٹ کے حوالے سے سی سی ڈی حکام کا مؤقف سامنے آ گیا ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ملزم کے خلاف قتل کے مقدمے میں مقدمہ نمبر 1163/24 تھانہ چوہنگ لاہور میں درج تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیفی بٹ 10 اکتوبر کو قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر اترا، جہاں سے سی سی ڈی ٹیم نے اسے رات تقریباً 3 بجے تحویل میں لیا۔بیان کے مطابق 11 اکتوبر کی صبح جب ٹیم سنجرپور، ضلع رحیم یار خان کے قریب پہنچی تو کئی مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک سی سی ڈی اہلکار شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران حملہ آور گرفتار ملزم کو چھڑوا کر فرار ہو گئے۔
سی سی ڈی نے مقامی پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا اور فوری مدد طلب کی۔ بعد ازاں صبح تقریباً 5 بجے سی سی ڈی ٹیم نے دو مشکوک گاڑیاں دیکھیں اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔اس موقع پر دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔بیان کے مطابق فائرنگ رکنے کے بعد جائے وقوعہ سے ایک زخمی شخص ملا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک شخص کی شناخت طیفی بٹ کے نام سے ہوئی۔مقابلے میں ایک اور پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔