وارداتیں: گھر میں 3 کروڑ کی چوری

شمالی چھائونی، جوہر ٹائون، انڈسٹریل سٹیٹ،ڈیفنس ،مصری شاہ میں بھی ڈکیتیاں، شہر ڈاکوئوں ،چوروں کے سپرد
لاہور(کرائم رپورٹر)کروڑوں کی وارداتیں، شہر چوروں ، ڈاکوئوں کے سپرد،مکین نقدی، زیورات ، موبائل فونز سمیت قیمتی سامان سے محروم ہوگئے۔تفصیل کے مطابق جوہر ٹاوٓن ڈی بلاک کے علاقے میں چورگھر سے 3 کروڑ 14 لاکھ روپے کی نقدی، قیمتی سامان چرا کر رفو چکر ہوگئے۔ شہری محمد نسیم صادق کے اہلخانہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے اور واپسی پر انہوں نے گھر کا سامان بکھرا ہوا پایا۔ چور کروڑوں کی نقدی،سامان لے گئے۔مدعی نے گھریلو ملازمہ سدرہ ندیم پر شبہ ظاہر کیا ہے، جس کا تعلق کوٹ رادھا کشن سے بتایا گیا ہے۔ شبہ ہے کہ سدرہ نے اپنے والد کے ساتھ مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔دوسری جانب شمالی چھائونی میں سلطان سے 1 لاکھ 80 ہزار روپے اور موبائل فون،جوہر ٹائون میں ندیم سے 1لاکھ 75 ہزار روپے اور موبائل فون، قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ میں باقر سے 1لاکھ 55ہزار روپے موبائل فون اور دیگر سامان،ڈیفنس بی میں حامد سے1 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون،مصری شاہ میں نثار سے 1 لاکھ 35ہزار نقدی اور موبائل فون،ہنجروال میں صفدر سے 1 لاکھ 30 ہزار روپے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ستوکتلہ اور شاہدرہ ٹائون سے گاڑیاں جبکہ نشترکالونی فیصل ٹائون اور ساندہ سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔