دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار، 7 امیدواروں سے وضاحت طلب
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ گلگت کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 7 امیدواروں اور رہنمائوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 7 مئی کو وزیراعظم کے دورہ گلگت کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق اور این او سی کی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی۔ نوٹس وصول کرنے والوں میں ڈاکٹر محمد اقبال، عتیق الرحمان، محمد عالمگیر، رانا فرمان، حبیب اللہ اور شفیق الدین شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے تمام رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 مئی کو دوپہر 2 بجے ڈپٹی کمشنر گلگت کے دفتر میں ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے پیش ہو کر وضاحت جمع کرائیں۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ وضاحت جمع نہ کرانے کی صورت میں الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔