پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیز فائر کے بعد منظرعام پر آنا بہادری نہیں بلکہ منافقت ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، "جو مکا اور تھپڑ جنگ کے بعد یاد آئے، اُسے اپنے ہی منہ پر مار لینا چاہیے۔"بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے تھے، لیکن جیسے ہی سیز فائر ہوا، وہ یوں نمودار ہوئے جیسے بھارت کو شکست دے کر آئے ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے قید میں رہ کر بھی بھارتی وزیراعظم مودی کو للکارا، جبکہ نواز شریف آزاد ہوتے ہوئے بھی بھارت کے خلاف ایک لفظ بولنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ "نواز شریف صرف جاتی امرا میں مودی کی خاطر تواضع کر سکتے ہیں،" انہوں نے طنزیہ جملہ کہا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ سے بنی ہے اور اس کی تمام تر توجہ عمران خان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے پر مرکوز ہے، جو اس کی نااہلی اور سیاسی انتقام کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جو پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک قوم بنا سکتے ہیں، اس لیے انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔