خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دورانِ ڈیوٹی سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے والے سات پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ اہلکار سرکاری وردی میں ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک ویڈیوز بنا رہے تھے، جو بعد ازاں وائرل ہو گئیں۔ ویڈیوز کے وائرل ہونے سے محکمہ پولیس کی ساکھ متاثر ہوئی، جس پر ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سید ایاز اور ایک سب انسپکٹر سمیت تمام اہلکاروں کو لائن حاضر کرتے ہوئے معطلی کا حکم جاری کیا۔ڈی پی او نے ان اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ بھی جاری کر دی ہے اور واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی میں غفلت، غیر ذمہ داری اور محکمانہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ واقعہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے سرکاری ملازمین کے لیے ایک وارننگ کے طور پر سامنے آیا ہے، جس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط ضروری ہے۔