اسرائیل نے مشرقی القدس میں فلسطینی بچوں کے سکول بند کردیئے

 فوج کی چھاپہ مار کارروائی میں سکول سٹاف کے ایک رکن کو بلاجواز حراست میں بھی لے لیاگیا
القد س (آئی این پی ) اسرائیل حکومت نے مشرقی القدس میں فلسطینی بچوں کیلئے سکول بند کردیئے۔قابض اسرائیلی صیہونی فوج نے مشرقی  القدس کے ایک پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین کے زیرِ انتظام تین سکولوں کو بند کر دیا۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان سکولوں کی بندش کا فیصلہ عجلت میں لیا گیا، سیکڑوں فلسطینی طلبہ کو سکول سے واپس گھروں کو بھیج دیا، اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے سکول کی مکمل تلاشی لی، چھاپے کے وقت بھی وہاں 6سے 15سال کی عمر کے درجنوں طلبہ کلاسز میں موجود تھے۔اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی میں سکول سٹاف کے ایک رکن کو بلاجواز حراست میں بھی لے لیا۔اقوام متحدہ کے اداورے اونروا کے کمشنر جنرل فلپ لازرینی نے اسرائیلی فوج کے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، انہوں نے اس عمل کو بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تینوں سکولز کو کھلا رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔